(پاک صحافت) گوگل میپس میں ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ گوگل میپس کا یہ فیچر ان صارفین کے لیے مددگار ثابت ہوگا جو گاڑیوں کے مالک ہیں۔
4 سال قبل گوگل کی جانب سے نیوی گیشن اسکرین میں میپس صارفین کو ان کی گاڑیوں کا روپ بدلنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ اب ان کسٹمائزیشن آپشنز کو زیادہ بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اینڈرائیڈ پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں گاڑیوں کے 5 نئے ماڈلز کے آپشن کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
ان ماڈلز میں جیپ، hatchback اور دیگر شامل ہیں اور 8 نئے رنگوں کا انتخاب کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ اس سے قبل گوگل میپس کے صارفین کو صرف 4 آپشنز دستیاب تھے، جن میں ایک ریگولر ایرو کا آئیکون تھا، دوسرا زرد ایس یو وی، تیسرا سرخ گاڑی اور چوتھا سبز پک اپ ٹرک کا آپشن تھا۔
اب انہیں 8 گاڑیوں (اگر آپ ایرو کو بھی گاڑی تسلیم کرلیں تو) آئیکون 8 رنگوں کے ساتھ دستیاب ہوں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ فیچر ابھی گوگل میپس کے آئی او ایس ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے۔ مگر امکان ہے کہ یہ فیچر بتدریج اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگا۔