پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار سے تجاوز کرگئی، جبکہ 9 ہزارافراد سے زیادہ اب تک انتقال کرگئے

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار سے تجاوز کرگئی، جبکہ 9 ہزارافراد سے زیادہ اب تک انتقال کرگئے

دنیا بھر میں جہاں اب کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ویکسین کے استعمال کا آغاز ہوگیا ہے وہیں دوسری لہر بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اور پاکستان میں بھی اس کے وار جاری ہیں۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 51 ہزار 494 ہے جس میں سے 3 لاکھ 33 ہزار 852 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 164تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 261 مریض اس وائرس کے باعث ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے شفایاب ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 42 ہزار 478 رہ گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 972 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 84 مریض دم توڑ گئے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی تھی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 18 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے

سندھ
پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 374 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ ایک ہزار 80 تک پہنچ گئی، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 33 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 270 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 831 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 122 ہوگئی، تاہم تشویشناک طور پر صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 31 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 522 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا
صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید412 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 54 ہزار 21 ہوگئی، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 511 پر جا پہنچی۔

بلوچستان
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 868 ہوگئے، بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک کا اضافہ ہوا اور مجموعی اموات کی تعداد 177 ہوگئی۔

اسلام آباد
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 259 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہزار 700 تک جا پہنچی، وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 385 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر
کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 60 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 7 ہزار 893 ہوگئی، آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک 6 مریض انتقال کر گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 200 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں وبا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 810 ہوگئی، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 261 افراد شفایاب ہوئے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 99 ہزار 852 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں

کامران ٹیسوری

دنیا کو امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ گورنر سندھ

کراچی (پاک صحافت) گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ دنیا کو امن، دوستی اور بھائی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے