اسلام آباد (پاک صحافت) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے دن جو کچھ ہوا اس کا ماسٹرمائنڈ عمران خان ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن قومی سانحہ تھا، اس دن جو ہوا، سوچی سمجھی سازش کے ذریعے ہوا۔ پی ٹی آئی قیادت نے مسلح جتھوں کے ذریعے قومی تنصیبات پر حملہ کیا۔ ازلی دشمن سے بھی وہ نہیں ہوا جو عمران خان نے کر دکھایا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا، اس کی ساری تاریخ تباہ کر دی۔ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کو جلا دیا گیا۔ پولیس اور رینجرز کو ڈنڈے مارے گئے۔ ویڈیوز میں اہداف دکھائے گئے، کارکنان نے قومی پرچم کو بھی نذرآتش کیا، حملہ آوروں کے منہ پر تحریک انصاف کے پرچم اور ماسک تھے۔
انہوں نے کہا کہ طلوع پاکستان کا اعلان کرنے والے ادارے کو جلایا گیا۔ ایمبولینسز سے مریضوں کو نکال کر جلایا گیا، تمام پرتشدد واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ یہ کسی بھی طرح احتجاج نہیں تھا۔ زمان پارک میں پوری منصوبہ بندی کی گئی۔