لاہور (پاک صحافت) لاہور میں رواں ماہ کے آخر تک دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بسیں شمسی توانائی سے چلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کا ساتواں جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نبیل احمد اعوان، سیکرٹری آصف طفیل اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 27 وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی، جاری سکیموں اور نئے منصوبوں پر غور کیا گیا، ٹرانسپورٹ، معدنیات، ماہی گیری، ماحول، جنگلات اور جنگلی حیات کا تحفظ، لیبر، لائیو سٹاک، اوقاف، کموڈیٹیز مینجمنٹ کی وزارتوں اور محکموں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب کے بڑے شہروں میں 620 ماحول دوست بسیں جلد چلانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلی نے راولپنڈی اور سرگودھا میں پناہ گاہوں کے جلد قیام اور اٹک میں ماڈل چلڈرن ہومز کی کم سے کم وقت میں تعمیر کے احکامات دیئے ہیں جبکہ ایک ہزار ایکڑ پر شرمپ فارمنگ منصوبے کی میپنگ مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں کالا شاہ کاکو جوڈیشل اکیڈمی کے لیے 42 ملین روپے کے اضافی فنڈز منظور کیے گئے جبکہ 261 ٹن لوہے کے ذخائر کی ترقی کے لیے 500 ملین اضافی فنڈز کی منظوری پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کے جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ کی فزیبلٹی سٹڈی جلد مکمل کی جائے، ٹھوکر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کلائمیٹ آبزرویٹری بننے سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔