ریلوے

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تین ماہ سے تعطل کا شکار ٹرین سروس آج سے بحال

کوئٹہ (پاک صحافت) بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث تین ماہ سے تعطل کا شکار ٹرین سروس آج سے بحال کر دی جائے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ریلوے ٹریک تباہ ہونے کی وجہ سے اندورن ملک کیلئے ٹرین سروس معطل ہو گئی تھی، تین ماہ کے تعطل کے بعد ٹرین سروس آج مچھ سے بحال کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مچھ سے پشاور روانگی کیلئے جعفر ایکسپریس کی نئی بوگیاں مچھ پہنچا دی گئیں ہیں، مسافروں کو بسوں کے ذریعے  کوئٹہ سے مچھ تک پہنچایا جائے گا۔ ریلوے حکام کے مطابق درہ بولان میں ہرک کے مقام پر گرنے والے ریلوے پل کی مرمت ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے بجائے جعفر ایکسپریس کی سروس مچھ سے شروع کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ آج  جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو صبح ساڑھے آٹھ بجے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے بسوں کے ذریعے مچھ لے جایا جائے گا، بسوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہوگی جبکہ مچھ سے ٹرین کی روانگی گیارہ بجے ہوگی۔ دس بوگیوں پر مشتمل جعفرایکسپریس ٹرین سکھر، لاہور، راولپنڈی سے ہوتے ہوئے پشاور پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیں

سی پیک معاہدوں کی راہ میں حائل رکاوٹ برداشت نہیں۔ احسن اقبال

اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سی پیک معاہدوں کی راہ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے