اسلام آباد (پاک صحافت) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بار بار بھارت کو بتا رہے ہیں پاکستان کو آزمانا نہیں، اگر بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہوگی، اس کے بعد معاملہ کدھر جائے گا یہ پاکستان طے کرے گا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بار بار بھارت کو بتا رہے ہیں پاکستان کو آزمانا نہیں۔ یہی بات 2019 میں بھی بھارت کو بتادی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ چنا تو یہ ان کی چوائس ہوگی، اس کے بعد معاملہ کدھر جائے گا یہ پاکستان طے کرے گا، سارے اقدامات کرلیے ہیں، پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔ قوم متحد ہے، پاکستانی عوام اپنی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی حکومت کا ایک مقصد ہے کہ پاکستان پر الزام لگاؤ، کریڈٹ لو اور الیکشن جیتو۔ اس کے علاوہ بھارت پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کے عوام اپنی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، قوم متحد ہے، قومی سلامتی کونسل کا اعلامیہ آچکا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کا واضح عزم ہے کہ کسی کی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے۔