لاہور (پاک صحافت) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آزاد کشمیر میں انتخابات چوری کرنا چاہی ہے۔ راجا پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئین میں بالکل واضح ہے کہ انتخابات 60 دن کے اندر ہونے ہیں، آزاد کشمیر الیکشن کمیشن 29 جولائی سے پہلے انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا گفتگوکرتے ہوئےسابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں ہمارے امیدوار جیتیں گے اور آئندہ حکومت پیپلزپارٹی کی بنے گی۔ لیکن پی ٹی آئی حکومت مہاجرین کے ووٹوں میں ردوبدل کر رہی ہے، انتخابی فہرستیں تبدیل کی جارہی ہیں، وزیراعظم بتائیں کیا یہ آپ کے اصول کے عین مطابق ہیں؟ موجودہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ انہوں نے اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جمہوریت کی نفی کر رہے ہیں، حکومت اپنی ساکھ کھوچکی ہے، آزاد کشمیر انتخابات میں پری پول اور ٹیکنیکل رگنگ کی جارہی ہے، آزاد کشمیرکی عوام عوامی مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دے گی۔ ہم آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق وفاقی حکومت کی سوچ کو مسترد کرتے ہیں۔