لاہور (پاک صحافت) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اسد قیصر کے بیان پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ نواز شریف کے بغض میں آپ لوگ اندھے، بہرے اور گونگے ہو چُکے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الحمدللّٰہ نواز شریف پاکستان واپس آئے، وفاق اور پنجاب میں حکومت بھی بنائی، ان کے بھائی نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ان کی بیٹی پنجاب کے عوام کی دن رات خدمت میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو گڑھے آپ کا لیڈر کھود کر گیا تھا شہباز شریف ان کو پُر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس قوم کی جان ہیں، آن بان اور شان ہیں، وہ ملک و قوم کی بات کرنے والے لیڈر ہیں، وہ آپ کے لیڈر کی طرح ملک پر ایٹم بم گرانے کی خواہش کرنے والے نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ حلقے کھولنے کے طعنے دینے والے دوبارہ گنتی کے نام سے ایسے بھاگتے ہیں جیسے بندر غلیل کو دیکھ کر بھاگتا ہے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جیل میں آپ کے چور، بددیانت اور کرپٹ لیڈر ہیں، مذاکرات اور پاؤں پکڑنے کی ضرورت آپ کو ہے، ہمیں آپ سے بات کرنے یا آپ کا چہرہ دیکھنے کا بھی کوئی شوق نہیں۔