اسلام آباد (پاک صحافت) دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جموں و کشمیر پر بھارت کے وزیر خارجہ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس حل طلب تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے، پاکستان کسی بھی ایسے بیانیے کو سختی سے مسترد کرتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہو کہ جموں و کشمیر کے تنازع کو یک طرفہ طور پر حل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک خیالی ہیں اور یہ زمینی حقائق کو یکسر نظرانداز کرتے ہیں۔ بھارت کے یکطرفہ اقدامات بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے، پاکستان سفارت کاری اور مکالمے کے لیے پرعزم ہے لیکن کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن اور استحکام صرف اسی صورت ممکن ہے جب تنازع جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کے مطابق حل کیا جائے۔