لاہور (پاک صحافت) مریم نواز نے یونان میں کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے پیر کو یوم سوگ منانے کے فیصلے کا خیر قدم کیا۔
مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اسمگلرز کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یونان کے قریب سمندر میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا۔ اس حادثے میں 41 پاکستانی شہری لاپتہ ہیں۔ ایتھنز سے ملنے والی اطلاع کے مطابق حادثے میں 79 تارکین وطن ڈوب گئے تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کشتی کے 104 مسافروں کو بچالیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 65 سے 100 فٹ لمبی کشتی میں ممکنہ طور پر 750 افراد سوار تھے۔