کراچی (پاک صحافت) میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوس کے راستوں سے تمام بلدیاتی مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی زیر صدارت میں محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ امتیاز شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین، ڈی آئی جی ٹریفک، کرم اللہ وقاصی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
اجلاس میں علماء کرام، مشائخ عظام اور منتظمین جلوس نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ محرم الحرام ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے شہر میں انتظامی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پانی و سیوریج کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔
میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ تمام شہری اور بلدیاتی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک اور فعال ہیں۔ شہر میں امن، اخوت، مساوات اور بھائی چارگی کو عام کرنا ہے۔ میں خود مختلف جلوسوں اور مجالس میں شامل ہو رہا ہوں، عشرہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں گے۔