اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ اس بار حج کے اخراجات پچھلی بار سے بڑھ جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت صحت کی حتمی ہدایات آنے پر وزارت مذہبی امور تفصیلات بتائے گی اور اس کے بعد ہی حج کےاخراجات کا اعلان ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر اشرفی نے رواں برس حج کے اخراجات میں خاطر خواہ اضافے کا امکان ظاہر کر دیا۔ نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ عازمین حج کو انتظار کرنا چاہئیے کیونکہ ابھی سعودی حکومت کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی نمبرز نہیں آئے۔
واضح رہے کہ حج سے متلق ایک بیان میں طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے حج کے اخراجات پچھلی بار سے بڑھ جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صورت حال دیکھ کر مزید فیصلے کیے جانے کا بھی امکان ہے، امیدہے رواں سال عمرہ کرنے کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔