اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ عنقریب خلیجی ریاست سعودی عرب اور سلطنت عمان بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں کا اعلان کریں گے۔
اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے فیصلہ ساز حلقوں کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مراکش کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنا اگلا ملک سلطنت عمان ہوسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب بھی اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پرغور کررہا ہے، امریکا میں جوبائیڈن کے اقتدار سنھبالنے سے قبل سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ امن معاہدوں میں شامل ہوسکتا ہے۔
عبرانی ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی سیاسی مجلسوں میں تین ہفتے قبل الریاض میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات کی خبر لیک ہونے پر مایوسی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی چاہتا ہے کہ مزید کچھ ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں جس کے بعد سعودی عرب کے لیے اسرائیل کو تسلیم کرنے میں اور آسانی ہوجائے گی۔
ریڈیو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی اور اسرائیلی قیادت کے درمیان پس پردہ بات چیت اور رابطے جاری ہیں، یہ رابطے اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ملکوں اور سعودی عرب کے درمیان بھی جاری ہیں۔
ریڈیو رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے بعض دوسرے مسلمان ملکوں جن میں پاکستان انڈونیشیا، نیجر، مالی، جیبوتی، موریتانیہ، جزائر المقر، برونائی، بنگلہ دیش اور مالدیپ جیسے ممالک سے بھی رابطے کرنے کی کوشش کی ہے۔