مقبوضہ کشمیر کے ممتاز رہنما محمد مقبول بٹ کا 37 واں یوم شہادت، کشمیر بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا گیا

مقبوضہ کشمیر کے ممتاز رہنما محمد مقبول بٹ کا 37 واں یوم شہادت، کشمیر بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا گیا

سرینگر (پاک صحافت) مقبوضہ کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کے 37 ویں یوم شہادت پر (کل)مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا گیا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند رہنمائوں اورتنظیموں نے دی ہے، بھارت نے محمد مقبول بٹ کو11 فروری1984کو تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں کردار اداکرنے پر نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کردیا تھا۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، غلام محمد خان سوپوری، شبیر احمد ڈار، عبد الاحد پرہ، جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ اور کشمیر تحریک خواتین سمیت دیگر آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کو محمد مقبول بٹ پر فخر ہے جنہوں نے تختہ دار کوچوما لیکن اپنے نظریے پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کردیا، انہوں نے کہا کہ مقبول بٹ کی پھانسی ایک عدالتی قتل ہے۔

سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹرزچسپاں کیے گئے ہیں جن پر سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر حمید فیاض اور شہید رہنما ئوں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی تصاویر موجودہیں۔

پوسٹروں میں اقوام متحدہ پر تنازعہ کے حل کیلئے زور دیا گیا ہے، پوسٹروں کے ذریعے لوگوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ کشمیری شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقاریب منعقد کریں۔

سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے جنوبی کشمیر میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر ایک اہم مرحلے میں پہنچ گیا ہے جہاں عالمی برادری کو اس تنازعے کے پائیدار حل کیلئے مداخلت کرنی چاہیے۔

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ اپنی توسیع پسندانہ سوچ ترک کرتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات شروع کرے۔

دوسری جانب آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے مقررین نے کہا ہے کہ بھارت نے تمام اخلاقی اورآئینی اقدار کو پامال کرتے ہوئے محمد مقبول بٹ کو تہاڑ جیل میں پھانسی دیدی تھی۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیاکہ بھارت جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو مقبول بٹ اور افضل گوروکی طرح بے بنیاد الزامات میں ملوث کر کے انہیں قتل کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

بائیڈن

سی این این: بائیڈن کو زیادہ تر امریکیوں سے پاسنگ گریڈ نہیں ملا

پاک صحافت ایک نئے “سی این این” کے سروے کے مطابق، جب کہ زیادہ تر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے