غزہ:(پاک صحافت) فلسطینی اتھارٹی کے ایوان صدر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی طرف سے لکھا ایک مکتوب فلسطینی صدر محمود عباس کو پہنچا دیا گیا ہے۔
فلسطینی ایوان صدر کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی طرف سے بھیجا مکتوب تحریک فتح کے سیکرٹری جبریل الرجوب نے صدر عباس تک پہنچایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محمود عباس نے اسماعیل ہنیہ کے اس مکتوب کا خیر مقدم کیا ہے، انہوں نے حماس کی طرف سے قومی مفاہمت، فلسطینیوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کے قیام کی خواہشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی جلد پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کا اعلان کرے گی۔
اسماعیل ہنیہ کے مکتوب کے بعد صدر عباس نے الیکشن کمیشن کے چیئرمین حنا ناصر کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کرنے اور الیکشن کے لیے فرمان جاری کرنے پربھی غور شروع کیا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنے وعدے پرقائم ہے۔
محمودعباس نے فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے لیے مصر، قطر، ترکی، روس اور اردن کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا اور ان ممالک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔