لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم قوم بنانے کے دعویدار عمران خان کے پاس وزارت اعلیٰ کا اپنا امیدوار تک نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کی خدمت کرنے اور پنجاب کو ٹھیکے پر دینے میں فرق ہے، 2018 میں پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ نواز شریف کو دیا تھا۔ مریم نے کہا کہ پنجاب کے عوام کا نواز شریف کو دیا گیا مینڈیٹ دھونس، دھاندلی سے چھین لیا گیا، یہ جیتے جاگتے عوام کا صوبہ ہے، فتنہ خان کی اے ٹی ایم نہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز نے جاری بیان میں مزید کہا کہ غلامی سے آزادی کا بھاشن دینے والا اپنے ممبرز کو غلاموں سے بھی بدتر سمجھتا ہے، جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا رہا آج اسی کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے، اسی کو بارہ کروڑ کے صوبے کا مالک بنانے کو تیار ہے۔ پنجاب منی گالہ نہیں جسے آپ کبھی بزدار،کبھی گوگی، پنکی اور اس کے بیٹوں کے حوالے کر دیں۔