مریم نواز کا سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب، اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو شدید انتباہ کردیا

مریم نواز کا سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب، اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو شدید انتباہ کردیا

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو انتباہ کیا کہ اگر کسی نے پارٹی سے دغا کیا تو لوگ اس کے گھر کا گھیراؤ کریں گے، تمام منتخب ایم این ایز اور سینیٹرز اپنی عزت کو پہچانیں، اگر آپ کی پارٹیوں نے استعفوں کا فیصلہ کیا تو کسی کے دباؤ میں آنے سے انکار کردیں۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈرپوک حکمران دو منٹ بھی عوام کے درمیان نہیں آسکتے، الیکشن چوری کرکے نااہل حکومت ہمارے سروں پر مسلط کر دی گئی، ایک پیج پر ہونے کے باوجود اس بس کو روز دھکا لگانا پڑتا ہے کیونکہ سلیکٹڈ سے بس نہیں چل رہی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام 13 دسمبر کو مینار پاکستان جلسے میں آئیں کیونکہ یہ حکومت گھر جائے گی تو پاکستان چلے گا، یہ حکومت گھر جائے گی تو آٹا، چینی اور سبزیاں سستی ہوں گی، یہ حکومت گھرجائے گی تو پاکستان چلے گا، مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 8 تاریخ کو آر یا پار ہوگا پی ڈی ایم بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے، عوام یہ جنگ جیت چکے ہیں، 13 دسمبرکو لاہورمیں کامیابی کا اعلان کرنا باقی ہے،13 دسمبرکومینار پاکستان میں اپنی فتح کے جھنڈے گاڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کے تمام وعدے جھوٹ نکلے،سبز پاسپورٹ کو عزت دلوانےکے دعویداروں نے پاکستانی پروازوں پر پابندی لگوا دی، عوام روز اٹھتے ہیں تو پہلی خبر مہنگائی کی ملتی ہے،پہلے 100 روپے میں ہانڈی پک جاتی تھی، اب ہزار روپے میں پکتی ہے،گیس آتی نہیں لیکن پچاس پچاس ہزار کے بل آتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملکی جی ڈی پی منفی میں چلی گئی ہے لیکن کسی کےکان پرجوں نہیں رینگتی، ڈھائی سال میں ملک کے قرضے آسمان پر پہنچ گئے لیکن بندہ تابع دار ہے، آج لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے، ادویات کی قیمتیں 600 گنا بڑھ گئیں، لیکن کسی کوکوئی تکلیف نہیں، کیونکہ بندہ تابع دارہے، کشمیر مودی کی جھولی میں میں جاگرا اب کسی کو تکلیف نہیں ہوتی کیوں کہ بندہ تابعدار ہے، عمران خان کا نام آج سے تابعدار رکھ دینا چاہئے۔

مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ ایل این جی دیر سے منگوانے کا مقصد دوستوں کو فائدہ پہنچانا تھا، ایل این جی تاخیر سے منگوانے سے عوام کو 122 ارب کا نقصان ہوا،پورے پاکستان میں جعلی حکومت نے ایک بھی ہسپتال نہیں بنایا، آج خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن نہ ملنے سے 7 مریض چل بسے، لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے 100 بچے مر گئے۔

یہ بھی پڑھیں

براہموس

پاکستان کا بھارتی ایٹمی پروگرام کیخلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (پاک صحافت) بھارت کا ایٹمی پروگرام عالمی امن کیلئے خطرہ بن گیا، پاکستان …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے