(پاک صحافت) امریکی ایوان نمائندگان کانگریس کی ایک کمیٹی نے ایپل اور گوگل کو جنوری 2025 میں ٹک ٹاک پر مجوزہ پابندی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ہاؤس سلیکٹ کمیٹی کے اراکین کی جانب سے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک اور گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی کو خطوط ارسال کیے گئے۔
ان خطوط میں ان کمپنیوں کو ایپ اسٹور آپریٹرز کے طور پر ذمہ داریاں نبھانے کا کہا گیا ہے۔ خطوط میں 6 دسمبر کے یو ایس کورٹ آف اپیلز کے 3 ججوں پر مشتمل پینل کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا جس میں ٹک ٹاک پر پابندی کے قانون کو برقرار رکھا گیا۔ خیال رہے کہ اس امریکی قانون کے تحت ٹک ٹاک کو 19 جنوری تک امریکا میں کمپنی کو فروخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس مدت میں کمپنی کو فروخت نہ کرنے پر امریکا میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ خطوط میں کہا گیا کہ ایپل اور گوگل کو اس قانون کے تحت یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ان کے پلیٹ فارمز امریکا میں ٹک ٹاک ایپ کو سپورٹ نہ کریں۔