کراچی (پاک صحافت) میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹا گرام نے شدید تنقید کے بعد حال ہی میں پیش کیے گئے فیچرکوختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انسٹا گرام نے گزشتہ ہفتے ہی اپنی ایپلی کیشن پرویڈیومواد میں اضافے کا فیچرجاری کیا تھا۔ انسٹا گرام نے اس فیچرکوکافی حد تک اپنی حریف ایپلی کیشن ٹک ٹاک سے ملتا جلتا بنایا تھا۔ تاہم، اس فیچرکے ڈسپلے اور فیڈز کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اس بابت صارفین کا کہنا تھا کہ وہ خصوصی طورپرتصاویرشیئرکرنے کے لیے بنائی گئی ایپ پرہی اپنے دوستوں اور گھروالوں کی تصاویردیکھنے سے محروم ہوگئے ہیں۔ ڈیجیٹل تجزیہ کارکمپنی سینسرٹاورکی رپورٹ کے مطابق ویڈیوشیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک دنیا کی مقبول ترین ایپلی کیشن بن چکی ہے اوراسے اب تک دنیا بھرمیں 3 ارب سے زائد بارڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہانسٹا گرام فیڈ میں ریکمینڈڈ ویڈیوکانٹینٹ کے تجرباتی ورژن کوچند ہی ہفتوں میں تبدیل کردیا جائے گا۔ اپنی ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ’ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے تبدیلی کے لیے رسک لیا، ہم نے کچھ بڑا کرنے کا سوچا تھا، لیکن ہمیں اپنے اس فیصلے کوواپس لینے کی ضرورت ہے، اس سے ہم نے بہت کچھ سیکھا اورہم ایک بارپھرنئے تصورات کے واپسی کا اعادہ کرتے ہیں۔‘