ملتان (پاک صحافت) یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ سے ملکی سلامتی اور اداروں کے خلاف سازشیں کرنے والے بچ نہیں سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے این اے 157 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب عمران خان عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، این اے 157 کے عوام 16 اکتوبر کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے عمران خان پر عدم اعتماد کا کھل کر اظہار کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ روٹین کے سائفر کو مرضی کے منٹس میں تبدیل کرکے امریکی سازش کا بیانیہ بنا کر سفارتی سطح پر پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ وقت نے ثابت کردیا کہ ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالا ہے، گھناؤنی سازشوں، سیاسی و معاشی عدم استحکام، اداروں اور عوام میں دوریاں پیدا کرنے کے لئے عمران خان کو دشمن عناصر نے فنڈنگ کی لیکن تمام معلومات اب عوام تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ پاکستان کو سیاسی و معاشی عدم استحکام پہنچانے کی گھناؤنی سازش ثابت ہوئی ہے جبکہ آڈیوز میں ثابت ہوا کہ عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم خان نے ایک روٹین کے سائفر سے مرضی کے منٹس بنائے ہیں جبکہ اسے خط بنا کر پوری منصوبہ بندی سے جلسوں میں بھی لہرایا گیا۔