اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عیدالفطر خوشی، شکر گزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قوم کو عیدالفطر کی مبارک باد کے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ رمضان کی تربیت کو زندگی میں جاری رکھنے کی ضرورت ہے، عیدالفطر کا دن اخوت، ہمدردی، شکر گزاری اور خوشی کا درس دیتا ہے۔ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں، ہمیں متحد ہونا ہوگا، ہمیں انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام اور قومی یکجہتی ہم سب کی ذمہ داری ہے، حکومت اقتصادی بحالی اور امن و امان کےلیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، پاک فوج کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جعفر ایکسپریس سانحے کے شہداء کے درجات کی بلندی کےلیے دعاگو ہیں، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، عید کی خوشیوں میں مستحقین کو شریک کریں، فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔