کراچی (پاک صحافت) ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت سیکیورٹی اداروں کو بدنام کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی کے بیانیہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پارٹی کا جو بھی رہنما گرفتار ہوتا ہے وہ واپس آکر مگرمچھ کے آنسو بہا کر کہتا ہے کہ اس کو برہنہ کیا گیا تھا۔ سیاست میں ہمدردی حاصل کرنے کا پی ٹی آئی نے یہ انوکھا طریقا ایجاد کیا ہے۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے اقتدار کی ہوس میں ملک اور اس کے اداروں کے خلاف اس حد تک جائیں گے یہ سوچا بھی نہیں تھا، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے بھی ایسی کوئی شکایت نہیں کی، ان سے رائے لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تو ملکی سیاست، عزت و احترام کو ہی برہنہ کر دیا ہے تو اب رونا کس بات کا؟۔ عمران کہتا ہے 2018 میں ان کی سیٹیں کم کی گئی تھیں جبکہ پی ٹی آئی کو زبردستی جتوایا گیا تھا۔