اسلام آباد (پاک صحافت) دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ بھارتی بی جے پی کے دو حکام کی جانب سے حضور پاک ﷺ کے حوالے سے توہین آمیز کلمات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت میں تھوڑی سی بھی اخلاقی جرات ہے تو وہ فوری طور پر ان بی جے پی حکام کی مذمت کرے، بھارت ان حکام کو کٹہرے میں لائے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کہ شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ جبکہ پاکستان اس کے برعکس مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دے رہا ہے۔
واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے مزید بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے دوران مذید 5 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، ان کشمیریوں میں ایک نوجوان طالب علم بھی تھا، بھارت کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو ہی بیوقوف بنا رہا ہے۔ بھارت کو کشمیر میں مظالم بند کرکہ وہاں فوری اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ استصواب رائے کرانا چاہیے۔