اسلام آباد (پاک صحافت) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے پنجاب حکومت کے رویے کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ بل یکم نومبر کو منظور کرلیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے ڈرافٹ رولز موصول ہوئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت سے دیگر دستاویزات اور نقشہ جات تاحال نہیں ملے، معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ پہلے بھی الیکشن کمیشن پنجاب میں 2 بار حلقہ بندیوں کی تکمیل کرچکا ہے، ان حلقوں پر آنے والے اخراجات قومی خزانہ پر بوجھ ثابت ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کا رویہ غیرسنجیدہ ہے، بار بار قانون میں ترامیم کے باعث پنجاب میں الیکشن کا انعقاد نہیں ہوسکا۔