اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے COP-28 کے نامزد صدر اور UAE کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر سلطان احمد الجابر، وزیر صنعت و ٹیکنالوجی اور چیئرمین مصدر نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ڈاکٹر سلطان الجابر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے اعلی سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور COP28 کے نامزد صدر کے طور پر ان کی تقرری پر انہیں مبارکباد دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس اہم عالمی کانفرنس کے لئے ڈاکٹر جابر کی ذمہ داری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اور اس سال دبئی میں 30 نومبر سے 12 دسمبر تک منعقد ہونے والے ایونٹ کی کامیابی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی اہم حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے COP28 کے لیے متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں بھی بتایا جس کا مقصد مختلف شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ڈاکٹر سلطان الجابر نے یو اے ای کی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایات پر زور دیا جس سے پاکستان کے لیے توانائی کی حفاظت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔