اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کی اکثریت نے پی ٹی آئی کی منفی سیاست کو مسترد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا نام ہے اور انتہا پسندی جمہوریت کی ضد ہے۔ آج عمران خان جس چیز کا شکار ہوئے ہیں یہ وہی رجحان اور رویہ ہے جس کہ انہوں نے 2017 اور 2018 میں شروعات کی تھی ، آج سے 4 سال پہلے مجھ پر ایک نوجوان نے حملہ کیا تھا جسے مذہبی رنگ دے دیا گیا تھا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پورے الیکشن کے دوران پی ٹی آئی نے مذہبی جنونیت کا سہارا لیا تھا اور پوری الیکشن کمپئن کے دوران میں اپنے حلقے کے لوگوں کو اس مذہبی جنونیت کا جواب بھی دیتا رہا تھا لیکن مجھے اپنے حلقے کے لوگوں پر فخر ہے کہ انہوں نے ریکارڈ اکثریت کے ساتھ پی ٹی آئی کی منفی سیاست کو مسترد کرکے مجھے کامیاب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت نے جس مذہبی انتہا پسندی کو پروان چڑھانے کے لئے سیاسی جگہ دی اس کے شعلوں میں عمران خان صاحب کا دامن بھی جل گیا ہے۔