اسلام آباد (پاک صحافت) اپوزیشن پارٹی جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم کا ہم نے بغور مطالعہ کیا، جو اس سانپ کے دانت تھے جے یو آئی نے توڑ دیے۔ سینیٹ اجلاس سے خطاب میں مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اس کو ووٹ بھی دیں گے، اس ترمیم میں جو کمی رہ گئی ہے اسے بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کو آج تک کسی نے بچایا ہے تو اس آئین نے بچایا ہے، آج اگر پارلیمنٹ محفوظ ہے تو اس آئین کی وجہ سے ہے۔ جے یو آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ پہلے جو ترمیم پیش کی گئی تھی اس میں ملک کے مستقبل کو خدشہ تھا، شیری رحمان نے کہا کوئی سانپ نہیں، اگر وہ آئینی ترمیم منظور ہوجاتی تو خطرناک ثابت ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے اس ترمیم کیلئے تجاویز دیں، کامران مرتضیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ٹی آئی والوں سے بھی کہوں گا آؤ اس ملک کی بقا کےلیے ہم محنت کرتے ہیں۔
مولانا عطا الرحمان نے یہ بھی کہا کہ درخواست ہے 100 فیصد نہیں، 80 سے 90 فیصد جے یو آئی نے ترمیم کی اس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اپنی قیادت سے متعلق جو گلہ ہے، ہم نے اُس کی مذمت بھی کی ہے، تحریک انصاف کے ساتھیوں سے بھی کہوں گا کہ ملک کی بقا کےلیے ہمارا ساتھ دیں۔ جے یو آئی سینیٹر نے کہا کہ پچھلے چند دنوں میں بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف نے دن رات محنت کی ہے، وہ لوگ پھڑک رہے ہیں جو اس کے خلاف تھے۔