اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے: حریت کانفرنس

اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے بھارت مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے: حریت کانفرنس

سرینگر (پاک صحافت) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ مقبوضہ علاقے کی گھمبیر صورتحال پر عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی سے نہتے کشمیریوں پر مظالم جاری رکھنے میں بھارت کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست2019اور اس کے بعد کئے جانے والے غیر قانونی اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا تھا۔

انہوں نے کہاکہ 5اگست کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کے بعد سے آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں قتل عام اور غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے تاکہ جموںوکشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔

ترجمان نے کہاکہ اس عرصے کے دوران غیر قانونی طور پر گرفتار کئے گئے ہزاروں کشمیریوں کے بھارتی تسلط سے آزادی کے جذبہ کو کمزور کرنے کیلئے غیر انسانی صورتحال میں جیلوں میں رکھا گیا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرنے اور ان کو بلا تاخیر ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پردبائو بڑھائے، اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دوساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کی نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری کی وجہ سے وادی کشمیر کا رابطہ جمعرات کو مسلسل پانچویں دن بھی بیرونی دنیا سے منقطع رہا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بانہال ٹنل کے ارد گرد کے علاقوں میں شدید برفباری اور تودے گرنے کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے پر ٹریفک مسلسل پانچویں دن بھی معطل رہی۔

شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے سامان سے لدے ٹرکوں سمیت ہزاروں گاڑیاں ہائی وے پر پھنسی ہوئی ہیں، ایک ٹریفک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جواہر ٹنل پر شدید برفباری اور سمرولی، دلواس، کیفٹیریا مور، سیتارام پاسی، بائی نالہ، ڈیگڈول، میجرکوٹ، گینگرو، سلاد اور دیگر علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

برٹش

برطانوی دعویٰ: ہم سلامتی کونسل کی جنگ بندی کی قرارداد پر عملدرآمد کے لیے پوری کوشش کریں گے

پاک صحافت برطانوی نائب وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن حکومت غزہ میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے