(پاک صحافت) ٹیلی گرام کی جانب سے چینلز کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ میسجنگ ایپ کی جانب سے یہ نئے فیچرز واٹس ایپ کا مقابلہ کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، جس نے ستمبر میں چینلز کا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔ اب جب کوئی صارف کسی نئے ٹیلی گرام چینل کا حصہ بنے گا تو ایپ کی جانب سے اس سے ملتے جلتے چینلز تجویز کیے جائیں گے، تاکہ وہ زیادہ بہتر انتخاب کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی گرام کی جانب سے اگست میں اسٹوریز کا فیچر ایپ کا حصہ بنایا گیا تھا اور اب اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق صارفین اور چینلز کی جانب سے اسٹوریز کو اپنے پیجز پر ری پوسٹ کرنا ممکن ہوگا جبکہ ری پوسٹ کرتے ہوئے اسٹوریز میں ٹیکسٹ، تصاویر یا ویڈیو کمنٹری کا اضافہ بھی کیا جا سکے گا۔ ٹیلی گرام چینلز کے لیے کاسٹیوم ایموجیز فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
واضح رہےکہ چینلز سے ہٹ کر ٹیلی گرام کی جانب سے آڈیو میسجز کے لیے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر بھی ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یہ فیچر پہلے ٹیلی گرام کے پریمیئم صارفین کو دستیاب تھا مگر اب یہ ایپ کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔ مگر یہ افراد ایک ہفتے میں صرف 2 آڈیو میسجز کے لیے یہ فیچر استعمال کر سکیں گے۔ خیال رہے کہ ٹیلی گرام میں چینلز کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے مگر واٹس ایپ میں اسی طرح کا فیچر متعارف کرانے کے بعد اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔