عمران کی پیرول پر رہائی بارے درخواست آئی، حکومت غور کرے گی۔ رانا ثناءاللہ

رانا ثناءاللہ

اسلام آباد (پاک صحافت) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی پیرول پر رہائی بارے درخواست آئی تو حکومت غور کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دہشت گردی کےخلاف تھا، بے گناہ مسافروں کو شہید کیا گیا، پوری قوم دہشت گردوں کےخلاف متحد ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو قومی اتفاق رائے کا حصہ بننا چاہیے تھا، عمران خان خود اس قسم کےموقع کوضائع کرتےہیں، تحریک انصاف والوں نےپہلے بریفنگ میں شرکت کرنے والے ناموں کی لسٹ دی، انہیں دہشت گردوں سے ہمدردی کا اظہار نہیں کرنا چاہیے، دہشت گردی انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ 26ویں ترمیم پربھی مولانا سے اتفاق رائے کرکے دوڑ گئے تھے، ہماری اتحادی حکومت ہے، اگریہ پیرول پررہائی سے متعلق درخواست دیتے ہیں تو حکومت اس پر غور کرے گی، قومی اتفاق رائے کے لیے اگر اس طرح ہوجائے تو کوئی مضائقہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگریہ قومی اتفاق رائے کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو بانی کو پیرول پر بلانے کا مشورہ دوں گا، مولانا فضل الرحمان نے کل بڑی مثبت گفتگو کی، انہوں نے افغان صورتحال سے متعلق کردار ادا کرنے کا بھی کہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے