اسلام آباد (پاک صحافت) طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہمارے تحفظات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو ججز کا اختلافی نوٹ آیا۔ اپوزیشن کے کچھ لوگ بنگلادیش کی صورتحال پر بات کر رہے ہیں۔ پاکستانی افواج کا دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سلامتی کے حوالے سے اہم کردار رہا ہے۔ پاکستانی افواج کی ملک کے لیے قربانیاں ہیں۔
طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ 2018 کے بعد تحریک انصاف نے سیاست کو تقسیم در تقسیم کیا، 2018 کے بعد جو تبدیلی آئی وہ کیا تھی؟ وہ سیاست میں انتشار اور نفرت لے کر آئے۔ یہ تقسیم گلی محلے کی سطح پر لائی گئی۔ کوئی بھی لیڈر قوم کو تقسیم کرنے کے بارے میں نہیں سوچ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت ماضی اور آج بھی کارکردگی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ن لیگ کی حکومت سب اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے، ہم نے ریاست کو بچانے کے لیے سیاست کو قربان کیا ہے۔