کچنار

کچنار موسمِ بہار کی عمدہ سبزی

کراچی (پاک صحافت) کچنار موسمِ بہار کی  ایک عمدہ سبزی ہے۔ اس کے پھول، چھال اور پھلیاں طبّی و غذائی خصوصیات کی حامل ہوتی  ہیں۔ کچنار کا درخت اور اس کی پھلی پاک و ہند میں‌ کچنال کے نام سے بھی مشہور ہے۔ کچنال کے پھولوں پر پھلیاں لگتی ہیں جو طرح طرح سے ہماری خوراک جزو بنتی ہیں۔ کچنار کا درخت درمیانے قد کا ہوتا ہے اور عموماً 10 سے 12 میٹر تک بلند ہوتا ہے۔ اس کا اصل وطن جنوبی ایشیا اور چین ہے۔ کچنار کا سائنسی نام bauhinia variegata ہے۔

خیال رہے کہ بغیر پھول کھلے کچنار بطور سبزی پکائی جاتی ہے۔ اس کا سالن بہت لذیذ ہوتا ہے۔ اس پھلی کے اجزا میں نمکیات اور وٹامن سی شامل ہوتے ہیں۔ کچنار خون صاف کرنے کے لیے مشہور ہے۔ اس کے درخت کی چھال بھی مصفیٰ خون ہے اور خون کی خرابیوں کو دور کرتی ہے۔ ماہر طبیب اسے امراضِ خون میں مختلف طریقوں سے استعمال کرواتے ہیں۔ اس کے مختلف طبی خواص ہیں۔ اس کی سوکھی پھلیوں کے سفوف سے اسہال میں افاقہ ہوتا ہے جب کہ اس کی کلیاں سرد اور قابض ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سرخ کچنار کی جڑ کا جوشاندہ پلانے سے ضعفِ ہاضمہ دور ہوجاتا ہے۔ کچنار کے پھولوں کا گل قند بھی بنا کراستعمال کرتے ہیں۔ پیشاب کے امراض دور کرنے میں کچنار کی سبزی کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔ کچنار دیر سے ہضم ہوتی ہے لہٰذا معالجین کہتے ہیں کہ اسے بغیر ادرک اور گرم مسالے کے نہیں کھانا چاہیے۔ اگر کچنار میں بکرے کا اچھا گوشت شامل کرکے کھائیں تو بے حد لذیذ ہوتا ہے اور جسم کو خوب تقویت بخشتا ہے۔اطبا معدہ کو طاقت دینے اور خون صاف کرنے کے لیے کچنار کی چھال کو مخصوص طریقے سے شہد میں ملا کر پینے کو دیتے ہیں۔

اسی طرح انتڑیوں اور پیٹ کے کیڑے مارنے کے لیے کچنار کا جوشاندہ تجویز کرتے ہیں‌ جو بہت مفید ہے۔ طبّی ماہرین کے لیے کچنار بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہترین سبزی ہے۔ جگر کا ورم دور کرنے کے لیے بھی کچنار سے مدد لی جاتی ہے اور اس کی جڑ کی چھال کا جوشاندہ بنا کر پینا فائدہ دیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی چھال کے رس میں کافور یا زیرہ ملا کراستعمال کرنے سے جگر کی گرمی رفع ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

پاکستان

وزیر اعظم پاکستان نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا

پاک صحافت اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے قائم مقام …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے