(پاک صحافت) اگر آپ روزانہ کئی گھنٹے ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں تو یقیناً انگلیوں سے اسکرین کو بار بار اسکرول کرنا پڑتا ہوگا۔ مگر ویڈیو شیئرنگ ایپ میں آٹو اسکرولنگ فیچر کے ذریعے آپ اسکرین کو چھوئے بغیر بھی مختصر ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔
آٹو اسکرول فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ٹک ٹاک کے فار یو پیج میں کسی ویڈیو پر انگلی دبا کر رکھیں، یعنی بالکل اس طرح جب آپ کسی ویڈیو کو ری پوسٹ کرتے ہیں۔ اس کے بعد نیچے آٹو اسکرول بٹن پر کلک کر دیں (اگر یہ فیچر آپ کو دستیاب ہو تو)۔ ایسا کرنے کے بعد ٹک ٹاک کی فار یو فیڈ میں جب ایک ویڈیو ختم ہوگی تو خودبخود دوسری ویڈیو اسکرین پر آجائے گی۔ البتہ اگر آٹو اسکرولنگ کے دوران کوئی فوٹو پوسٹ سامنے آگئی تو اسکرولنگ رک جائے گی۔
اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے کی جا رہی تھی اور اب بھی یہ محدود صارفین کو دستیاب ہے۔ کمپنی کے مطابق آٹو اسکرولنگ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے بہت زیادہ کیا جاتا ہے۔ اس طرح کا فیچر یوٹیوب میں 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا جس میں ویڈیوز آٹو پلے ہوتی ہیں۔