مریم نواز

وفاقی حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنا کر اپنے لئے راستہ بنا رہی ہے: مریم نواز

لاہور (پاک صحافت) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعدکچھ نہیں کیا اور نہ ہی کچھ سیکھا ہے  اس کا کام صرف اپوزیشن کو نشانہ بنانا اور اپنے لئے راستے ہموار کرنا ہے۔

لاہور سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب آپ نالائق اور نااہل شخص کو سلیکٹ کرکے لاتے ہیں تو پھر آپ کو اس سے یہی توقع کرنی چاہیے، جس نے پوری زندگی کوئی کام نہیں کیا ہو اس کے سر پر 22 کروڑ عوام کی ذمہ داری ڈال دیں تو پھر ایسا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: مہنگائی اور کرپشن کی وجہ سے اپنا نیب کیس بھول چکا ہوں: خورشیدشاہ

انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے (اقتدار) میں آنے کے بعد بھی کچھ نہیں سیکھا، ان کی ترجیح اپوزیشن کو ہدف بنانا اور اپنے لیے راستے بنانا ہے جبکہ عوام کی ذمہ داری ان کی نہیں ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی ذمہ داری اس حکومت کی ہوتی ہے جسے عوام کو جواب دینا ہوتا ہے عوام انہیں منتخب کرکے لاتے ہیں۔

انہوں نے کہا مجھے تکلیف ہے کہ ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے، لوگ بلبلا اٹھے ہیں، سڑکوں اور گلیوں میں باتیں ہورہی ہیں، لوگ اس حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں لیکن ان کو سوائے اپوزیشن کے کچھ یاد نہیں، تاہم اس کا بھی حساب دینا پڑے گا۔

اپوزیشن کے استعفوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور بہت سی باقی جماعتیں اسی پر یقین رکھتی ہیں کہ استعفے ضرور دینے چاہئیں تاہم اس کے طریقہ کار اور وقت سے متعلق 4 تاریخ کو تبادلہ خیال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ پر تقریباً سب کو اتفاق ہے، لانگ مارچ اور دھرنا کتنا ہوتا ہے اس پر بیٹھ کر اتفاق کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ عوام پر اس حکومت کا عذاب رہے، عوام کے اوپر جو عذاب آیا ہوا ہے، میرا نہیں خیال یہ حکومت اس طرح چل سکتی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو مشکل وقت ان کی نالائقی، نااہلی اور بے حسی کی وجہ سے عوام پر آیا ہے وہ عوام زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

بلوچستان کی 14 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا

کوئٹہ (پاک صحافت) بلوچستان کابینہ کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ جس …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے