احسن اقبال

دفاعی اداروں و تنصیبات پر حملے کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ احسن اقبال

اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دفاعی اداروں و تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پاکستان کی مسلح افواج کیلئے امریکہ کے نائن الیون کے واقعہ کی طرح انتہائی سنگین، ناقابل برداشت اور ناقابل معافی ہیں۔ دفاعی تنصیبات اور قابل فخر علامات پر حملہ کرنے والے بلوائیوں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو ایک سیاسی جماعت کے بلوائیوں نے پاکستان کے تاریخی ورثہ اور قومی سلامتی کے اداروں، جناح ہاوس جو کور کمانڈر کا گھر ہی نہیں بلکہ بانی پاکستان کا ورثہ بھی تھا، پر حملہ کیا۔ اسی طرح انہوں نے کرنل شیر خان کے مجسمہ کو ہی نہیں توڑا بلکہ جرات و بہادری کی اس علامت کو توڑا ہے جس کا انہوں نے کارگل کے محاذ پر مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے چاغی پہاڑی پر حملہ کیا ہے تو یہ حملہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے والی قوت کی ایک علامت پر حملہ ہے اور اس سے بڑھ کر ہمارے شہیدوں کی یادگاروں پر پتھر اور لاٹھیاں برسائیں، ہمارے شہیدوں کو بے توقیر کرکے شہیدوں کی توہین کی گئی ہے، یہ سب کرکے انہوں نے کس کو خوش کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ان شرپسندوں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہوگی، کوئی بے گناہ بلاوجہ سزاوار نہیں ہوگا اور کوئی گناہ گار سزا سے نہیں بچے گا، یہ وقت کی بھی ضرورت ہے اور ملک کی بھی ضرورت ہے۔ اسں لئے ان کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں

طارق فضل چوہدری

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن کو دی جائے گی۔ طارق فضل چوہدری

اسلام آباد (پاک صحافت) طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے