او آئی سی اجلاس سے وزیر خارجہ کا خطاب، مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل

او آئی سی اجلاس سے وزیر خارجہ کا خطاب، مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیرِخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  او آئی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے  کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بن چکا ہے، مقبوضہ کشمیر دنیا میں سب سے زیادہ قابض افواج کی موجودگی والا خطہ بن چکا ہے۔ 5 اگست 2019ء کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے مقبوضہ خطہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔

جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے سفیروں کے ہونے والے اجلاس سے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔جموں و کشمیر کے او آئی سی رابطہ گروپ نے ’یومِ یکجہتیٔ کشمیر‘ کی مناسبت سے غیر رسمی اجلاس منعقد کیا جس میں پاکستان، ترکی، سعودی عرب، نائجر اور آذر بائیجان کے مستقل نمائندوں نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: یوم یکجہتی کشمیر پر کوٹلی میں وزیر اعظم کا خصوصی خطاب

اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کی نمائندگی اقوامِ متحدہ میں او آئی سی آبزرور مشن کے مستقل مندوب، سفیر آگشین مہدیئیف نے کی۔شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں صورتِ حال عالمی برادری سے چھپی ہوئی نہیں، جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے یک جہتی پر امتِ مسلمہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر میں 9 لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے، کشمیریوں کو جسمانی، سیاسی، نفسیاتی طور پر کچلنے کیلئے بھارتی ظالمانہ مہم جاری ہے، ہزاروں کشمیریوں کا کچھ پتہ نہیں کہ قابض بھارتی افواج نے انہیں کہاں قید کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں پر ناقابلِ بیان مظالم ڈھا رہی ہیں، 550 سے زائد دنوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر کا جابرانہ بھارتی فوجی محاصرہ انتہائی سنگین صورتِ حال ہے، کورونا وائرس کی وباء نے اس صورتِ حال کو مزید سنگین کر دیا ہے، بھارتی قابض افواج کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں قتل، من مانی نظر بندیاں اور اغواء بھی شامل ہیں، بی جے پی اور آر ایس ایس کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے لیے نام نہاد ’حتمی حل‘ کا پرچار کرنے میں مصروف ہے، بھارت کشمیریوں کے خود ارادیت کے مطالبے کو جسمانی، سیاسی، نفسیاتی طور پر کچلنے کے لیے وحشیانہ مہم چلا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

خواجہ آصف

پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام ہوچکے ہیں۔ خواجہ آصف

سیالکوٹ (پاک صحافت) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے