مٹھی (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے اور پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی پاکستان مہنگائی لیگ کو عوام 8 فروری کو شکست کی صورت میں جواب دیں گے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام آپس میں متحد نہ ہوسکیں، پاکستان پیپلزپارٹی تقسیم کی سیاست کرنے والی قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کرسکیں جبکہ بے روزگاری کے حوالے سے بھی ایک کارڈ بنائیں گے۔