اسلام آباد (پاک صحافت) کورونا کی حالیہ صورت حال کے پیش نظر وزارت صحت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د میں خطرے کی گھنٹی بجادی۔ ذرائع کے مطابق وزارت قومی صحت نے کورونا صورت حال پر وفاق کے سرکاری، نجی اسپتالوں کے نام مراسلہ جاری کردیا۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ میں کہا گیا کہ کورونا کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیا نے کہا کہ مثبت کورونا کیسز کی یومیہ شرح 6 فیصد سے بڑھ چکی ہے، عالمی صورت حال کے مطابق کورونا کیسز مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ ڈاکٹر زعیم نے لکھا کہ کورونا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں، اسپتالوں میں کورونا ایس اوپیز پر سخت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اسپتال انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے لکھا کہ اسپتالوں میں ماسک، سماجی فاصلہ، صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے، اسپتالوں کے داخلی مقامات پر تھرمل اسکریننگ کی جائے، اسپتالوں میں اسکریننگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر تیزی آچکی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 53 کرونا کےمریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2258 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 97 ہزار 497 ہوچکی ہے۔