اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان نے 6 ستمبر کو چترال میں دہشتگرد حملے پر افغانستان سے سفارتی سطح پر احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغان سفارت خانے کے سربراہ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سفارت خانے کے سربراہ کو چترال واقعے پر احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 6 ستمبر کی رات چترال کے علاقے کیلاش میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے 2 فوجی چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس میں پاک فوج کے 4 بہادر جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حملہ پسپا کرکے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید ہوئے اور 12 دہشت گرد ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں شدید زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ افغانستان میں جدید ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے جن سے پاکستان پر حملے کیے جارہے ہیں۔