لاہور (پاک صحافت) پی ٹی آئی کے سابق سینئر رہنما فواد چوہدری کے کزن اور ٹکٹ ہولڈر چوہدری فوق شیرباز نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری فوق شیر باز کی طرف سے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر میں پاکستان تحریک انصاف کا صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ واپس کرتا ہوں اور ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
چوہدری فوق شیرباز کا مزید کہنا ہے کہ اپنے اگلے سیاسی مستقبل کا فیصلہ اپنے ساتھیوں کی مشاورت کے بعد کروں گا۔ واضح رہے کہ فوق شیر باز پنجاب اسمبلی کے حلقہ 25 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنماء اور سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کی طرف سے بھی 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔