لاہور (پاک صحافت) ن لیگ نے وزیر اعظم عمران خان کو نیم حکیم خطرہ جان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہ عمران صاحب نے جس بھی شعبے کا خود کو ”عظیم ماہر“دکھایا ، اس کا بیڑہ غرق ہوگیا۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب نے ماہر معاشیات بننے کی کوشش کی اور معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب نے ماہر ماحولیات بننے کی کوشش کی، لیکن عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں انہیں مدعو کرنا بھی گوارا نہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ ماہر ماحولیات عمران صاحب کا بلین ٹری کرپشن سونامی الگ لیکن جو درخت لگائے وہ بھی غائب ہیں؟۔ ماہر معاشیات عمران صاحب نے 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو منفی 0.4 پر دفن کردیا، عمران صاحب کی ”مہارت“ نے کارخانوں کو تالا لگادیا، 70 فیصدآبادی خط غربت سے نیچے چلی گئی، ماہر معاشیات عمران صاحب نے اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف میں گروی رکھ دیا اور قوم کو معاشی غلامی میں جکڑ دیا۔
واضح رہے کہ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عمران صاحب ”ہنڈی“ کے ذریعے پیسے بھجوانے کے ماہر بنے اور اپنے خفیہ 23 فارن فنڈنگ اکاونٹس کا اب تک جواب نہیں دیا، ”ہنڈی کے ماہر“ عمران صاحب نے اربوں کھربوں روپے غیرقانونی فارن فنڈنگ سے منگوائے اور اب ریکارڈ چھپانے کے لئے ہر روز الیکشن کمشن کو دھمکیاں دیتے ہیں۔ عمران صاحب ”فارن پالیسی“ کے ”ماہر“ بنے اور پاکستان کی شہہ رگ کشمیر کا سودا کرنے کی تاریخی غداری کی، ”ماہر امور خارجہ پالیسی“ عمران صاحب نے ایسا جادو چلایا کہ پاکستان کے بااعتماد دوستوں کو بدظن کردیا۔