اسلام آباد (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی ترقی پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر ترقی یافتہ ممالک کی آبادی بڑی عمر کے افراد پر مشتمل ہے جبکہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ جو باصلاحیت نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا مزید کہنا ہے کہ ملک کا سب سے قیمتی خزانہ ہماری نوجوان نسل ہے، ہمارے نوجوان محنت اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا سب سے آسان راستہ اپنے انسانی وسائل کو بروئے کار لانا ہو سکتا ہے، نوجوان نسل کے خوابوں اور امنگوں کو حقیقت بنانے کے آگے حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ہوگا۔