سکھر (پاک صحافت) مولانا فضل الرحمن نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اور متاثرین کو اپنے ہاتھوں سے نقد رقم کی امداد تقسیم کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سکھر، لکھی غلام شاہ، شکارپور، گڑھی یاسین، رتوڈیرو، نئوں ڈیرو کے علاقوں کا دورہ کیا اور کیمپوں میں جاکر متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقعے پر ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، سیلاب متاثرین کے دکھ کی گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوا ہے، لاکھوں خاندان متاثر ہوئے ہیں، جمعیت علماء اسلام کے کارکنان روز اول سے متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مولانا راشد محمود سومرو سیکرٹری جنرل جے یو آئی سندھ و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔