کراچی (پاک صحافت) ایڈمنسٹریٹر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں کھارا در امام بارگاہ اور نشتر پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علمائے کرام سے ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جن میں کھارادر، میٹھادر، وزیر مینشن سے متصل علاقے اور نشتر پارک شامل تھے۔ مرتضی وہاب نے کھارادر امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات میں انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان کے ہمراہ نشتر پارک کا دورہ کیا اور علماء کرام اور جعفریہ الائنس کے صدر شبر زیدی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ذرائع کے مطابق نشتر پارک میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے خود محرم کی مجالس کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی۔