اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلہ نہ کرنے کا شور مچاتے ہیں، پھر خود ہی التوا مانگتے ہیں، مخصوص نشستیں آئین کے مطابق صرف اُن جماعتوں کو ملتی ہیں جو کامیاب ہوکر پارلیمان میں آئیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر عطا تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو عوام نے ایک سیٹ بھی نہیں دی، ہمیشہ کی طرح تحریک انصاف آئین کی پامالی کی کوشش کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ قانون کو بائی پاس کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اپنی غلطی کی وجہ سے اُن کا انتخابی نشان لیا گیا، یہ پہلے آئین پامال کرتے ہیں پھر میڈیا کے سامنے رونا روتے ہیں، زور زبردستی کر کے مخصوص نشستیں لینے کی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ہماری درخواستیں الیکشن کمیشن نے آج یکجا کر لی ہیں، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے الیکشن کمیشن سے وقت مانگا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آپ آئین اور قانون کو بائی پاس کریں، آپ کی غلطی ہے کہ انتخابی نشان لیا گیا، پارلیمان میں موجود جن جماعتوں نے مخصوص نشستوں کی فہرست جمع کرائی ان کو حق دیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا نے اپنی جماعت کی ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑا۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ زور زبردستی کر کے مخصوص نشستیں لینے کی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی، آپ نے نہ مخصوص نشستوں کی فہرست جمع کرائی اور نہ کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور وقت گزر چکا۔