اسلام آباد (پاک صحافت) ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) نے فرح گوگی سمیت 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ کا اجلاس ہوا جس میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیر مواصلات و ریلویز شاہد اشرف تارڑ کے علاوہ وزارت داخلہ، وزارت قانون اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے 17 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی، یہ نام مختلف محکموں اور ایجنسیوں کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ کی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی) اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں 7 مختلف نوعیت کے کیس ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش بھی کی گئی، نظر ثانی کے لیے پیش کی گئی اپیلوں میں سے 5 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔