شمالی وزیرستان (پاک صحافت) شمالی وزیرستان میں ملک دشمن دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے افغان سرحد سے متصل حسن خیل کے علاقے میں بیزا چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ پاک فوج کے ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فوجی جوان کو دوٹوئی کے علاقے میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی سے متعلق امور سے نمٹنے والے عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ دہشت گردوں نے افغان سرحد سے متصل حسن خیل کے علاقے میں بیزا چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے حملے میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج واقعے کے بارے میں رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان اور اس سے ملحقہ قبائلی ضلع میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جب سے طالبان نے افغانستان میں افغان اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کی ہے۔ گزشتہ ہفتے افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوٹوئی میں ایک فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی جس میں 2 فوجی شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔ یاد رہے کہ اسی دن جنوبی وزیرستان میں 3 فوجی شہید ہوگئے تھے۔