لاہور (پاک صحافت) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی قوتوں کو پاکستان کیلئے ایک ہونا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس ہوا، جس میں حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس کے شرکاء کو حکومت سازی کے لیے دیگر جماعتوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابات 2024ء میں کامیابی پر مبارک باد دی اور کہا کہ مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، حکومت کا ہدف عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانا ہوگا، سیاسی قوتوں کو پاکستان کے لیے ایک ہونا ہوگا۔
اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ اور خواجہ عمران نذیر نے شرکت کی۔