سیاست کے بجائے ملکی دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے: گورنر پنجاب

سیاست کے بجائے ملکی دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے

لاہور (پاک صحافت) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے ملک کو سیاسی ماحول سے نکال کر بھارت سمیت ملک دشمن قوتیں کا مقابلہ کیا جائے جو پاکستان کو نشانہ بنارہی ہیں۔ سب کو مل جل کر کام کرنا چاہئے۔

پاکستان کو مضبوط ، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اداروں کو سیاسی مداخلت سے بھی مکمل پاک کرنا لازم ہے اور حکومت اسی پالیسی پر گامزن ہے۔ وہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کی تقریب ، افسران سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء اعجاز عالم، میاں خالد محمود ، آئی جی موٹر وے ڈاکٹر سید سلیم امام ، ڈی آئی جی ٹریننگ کالج محبوب اسلم اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے فسادات کرا رہا ہے: شبلی فراز

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت آج بھی پاکستان میں اًمن کے خلاف سازشیں کررہا ہے اور یہاں پر عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنایا جائے جس کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر فیصلے کرنا ہوں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس پاکستان کا قابلِ رشک ادارہ ہے اور حکومت تمام اداروں میں ایسے ہی میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کرپشن کا بھی مکمل خاتمہ چاہتی ہے جس کے لئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لئے پنجاب آب پاک اتھارٹی نے میری نگرانی میں بھر پور کام شروع کردیا ہے، اِنشا ء اللہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج میں نے پولیس ٹریننگ کالج میں اس پلانٹ کا افتتاح کیا ہے یہ سرور فائونڈیشن کی جانب سے پولیس افسران اور دیگر عملے کو تحفہ ہے اس سے روزانہ تقریبا ایک ہزار افراد پینے کا صاف پانی حاصل کریں گے۔اُنہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے بعد یقینی طور پر یہاں پر ٹریننگ کے عملے سمیت دیگر لوگ بھی ہیپاٹائٹس سمیت دیگر مہلک بیماریوں سے محفوظ رہیں گے۔

تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدی محمد سرور کوموٹر وے پولیس کی جانب سے یادگاری شیلڈ دی گئی جبکہ گورنر پنجاب نے ڈی آئی جی ٹریننگ کالج کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں