اسلام آباد (پاک صحافت) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے توہین پارلیمنٹ اور ایوان کا استحقاق مجروح کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا تو نہیں کہ کوئی بیک ڈور سے ون یونٹ لاگو کرنا چاہتا ہے، ایک صوبے میں الیکشن سے وفاق کو خطرہ ہوسکتا ہے، پورے ملک میں الیکشن ایک ہی وقت میں ہونے چاہیئے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ یہ رائے تمام سیاسی جماعتوں کی ہے، ایک جماعت کے علاوہ تمام پارٹیاں ایک ہی وقت میں انتخاب چاہتی ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں 90 دن کی شق پر عمل نہیں ہو رہا ہے، تحریک انصاف کبھی کہتی ہے کہ استعفے لو اور کبھی کہتی ہے کہ نہ لو۔
انہوں نے کہا کہ جب استعفے لیے تو آئین کے مطابق 60 دن کے اندر ان نشستوں پر بھی الیکشن ہونے تھے۔ کسی کو آئین کے بارے میں غلط فہمی ہے تو وہ رضا ربانی سے رابطہ کرسکتا ہے، چند عناصر کی وجہ سے پارلیمنٹ کی توہین کی جارہی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اعلی عدلیہ کے فیصلے میں جو لکھا گیا اس سے دکھ ہوا، ادارہ یہ کیسے لکھ سکتا ہے کہ پارلیمان کے فیصلے کو بھول جائیں۔